بلوچستان کو مضبوط کرنے سے پاکستان مضبوط ہوگا،وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس - Daily Qudrat
Can't connect right now! retry

بلوچستان کو مضبوط کرنے سے پاکستان مضبوط ہوگا،وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس


 قوم پرستوں نے بلوچستان کے عوام کے حقوق کے نام پر اپنے ذاتی مفادات حاصل کئے، پانچ سال میں وفاقی پی ایس ڈی پی کے 8880ارب میں سے بلوچستان میں 200ارب بھی خرچ نہیں ہوئے،کہ بلوچستان کو مضبوط کرنے سے پاکستان مضبوط ہوگا جب تک بلوچستان ترقی نہیں کریگا پاکستان ترقی نہیں کرسکتا،وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کا بلوچستان عوامی پارٹی کے جنرل کونسل اجلاس سے خطاب
کوئٹہ(قدرت روزنامہ) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ قوم پرستوں نے بلوچستان کے عوام کے حقوق کے نام پر اپنے ذاتی مفادات حاصل کئے پانچ سال میں وفاقی پی ایس ڈی پی کے 8880ارب میں سے بلوچستان میں 200ارب بھی خرچ نہیں ہوئے قوم پرست بلوچستان کے عوام سے معافی مانگیں جمہوریت کی بات کرنے والوں نے صرف اپنے خاندان کے افراد کو نوازا،دہشت گردی اورپسماندگی کا شکار صوبے کو چھوڑ کر پنجاب کو ترقی دینے والے جمہوریت کی بات کس طرح کرتے ہیں .یہ بات انہوں نے پیر کی رات بوائے سکاوٹس ہیڈ کوارٹر میں بلوچستان عوامی پارٹی کے جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی .

ضرور پڑھیں: ن لیگ اور پی پی میں اختلافات بڑھ گئے،اپوزیشن لیڈر شیری رحمن کو ہٹانے کیلئے راجہ ظفر الحق نے سینیٹ میں درخواست جمع کرادی

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو مضبوط کرنے سے پاکستان مضبوط ہوگا جب تک بلوچستان ترقی نہیں کریگا پاکستان ترقی نہیں کرسکتا ہماری اولین ترجیح بلوچستان کی ترقی ہے پانچ سال میں مرکز کی جو کارکردگی رہی اسے دیکھ کر افسوس ہوتا ہے جو لوگ نواز شریف کے آگے پیچھے گھوم رہے تھے انہیں چاہئے کہ وہ گزشتہ پانچ سال کا وفاقی پی ایس ڈی پی اٹھاکر دیکھیں کہ اس میں بلوچستان کو کتنا حصہ ملا اگر محمود خان اچکزئی ، میر حاصل بزنجو ، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کو بلوچستان کا مفاد عزیز ہوتا تو وہ اپنے ذاتی مفاد کو ترجیح دیتے اور نہ اپنے خاندانوں کو نوازاتے یہ کیسی جمہوریت ہے کہ رقبے کے لحاظ سے سب سے بڑے اور دہشت گردی کا شکار صوبے کو نظر انداز کرکے پنجاب کو ترقی دی جائے باقی صوبوں کو بھی متوازی ترقی دینی چاہئے نواز شریف جیسے لیڈروں کی وجہ سے لوگ پنجاب اور پنجابی کو گالی دیتے ہیں کیا پاکستان پرست رہنما ایسے بیانات دے سکتے ہیں جیسے گزشتہ دنوں نواز شریف نے دیئے پاکستان کا بچہ بچہ انکے بیانات کی مخالفت کرتا ہے .انہوں نے کہا کہ وفاقی نمائندے بلوچستان میں میرا سلطان ڈرامے کے سلطان کی طرح آکر تخت پر بیٹھ جاتے تھے اور یہاں سے چلے جاتے تھے اسکے بعد ہم نے محسوس کیا کہ ہم اپنی عزت خود بنائیں گے بلوچستان میں حکومت کی تبدیلی کے بعد 6سینیٹر منتخب کئے اور اسلام آباد جاکر چیئرمین سینٹ بھی بلوچستان سے منتخب کرایا ہم نے بلوچستان کی آواز بلند کی اور پورے ملک نے ہمار ا ساتھ دیالیکن افسوس کی بات کسی قوم پرست جماعت نے ہمارا ساتھ نہیں دیا بلوچستان کے حقوق کی دعویدار جماعتوں نے چیئرمین سینٹ کو بھی مبارکباد تک نہیں دی

وفاق میں بلوچستان کے نمائندوں کے طور پر جانے والے لوگ اپناَ الو سیدھا کرنے میں مصروف رہتے ہیں لیکن ہماری جماعت پاکستان اور بلوچستان پرست ہے ہم اپنے فیصلے بلوچستان میں کریں گے اور اب ماضی کی طرح بلوچستان کے فیصلے جاتی امراء ، بنی گالہ ،لاڑکانہ سے مسلط نہیں ہونگے بلکہ بلوچستان کے فیصلے یہی سے ہوا کریں گے .انہوں نے کہا کہ قوم پرست اپنی دکانداری کیلئے مختلف حربے آزماتے رہے ہیں لیکن اب انکی دکانداری نہیں چلنے دیں گے .وزیراعلیٰ نے کہا کہ منظور کاکڑ نے جس جماعت کو چھوڑ کر بلوچستان عوامی پارٹی میں شمولیت کی ہے اسے چھوڑنے والوں کو کہا جاتا تھا کہ وہ زندہ نہیں رہیں گے وہ جماعت اتنی تنگ نظر ہے کہ اس نے اپنے ہی ایم پی اے کو ڈی سیٹ کروایا قوم پرست جماعتوں کے دعوؤں کو عوام نے دیکھ لیا ہے انکے دعوں میں کوئی عملی کردار نہیں وزیراعلیٰ نے کہا کہ قوم پرست جماعت کے لوگ اب منظور پشتین کے پیچھے کھڑے ہوکر نئے حربے آزمارہے ہیں منظور پشتین کو میرا مشورہ ہے کہ وہ انکے کہنے میں نہ آئیں اوراپنے پشتون بھائیوں کا مزید نقصان نہ کریں پشتون قوم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت سی قربانیاں دی ہیں اب وہ مزید خون خرابہ برداشت نہیں کریں گے میں منظور پشتین سے پوچھتا ہوں کہ وہ اسوقت کہاں تھے جب پشتونوں کی لاشیں گر رہی تھیں ہم نے بہت سی قربانیاں دیکر اس چمن کو آباد کیا ہے ہم اسے برباد نہیں ہونے دیں گے اگر منظور پشتین اچھاپشتون ہے تو وہ مزید پشتونوں کو برباد ہونے سے بچائے. انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی کا مقصد تفریق کو ختم کرکے صوبے کے عوام کو اکٹھاکرنا ہے. انہوں نے بلوچستان عوامی پارٹی کے نومنتخب صدر جام کمال اور جنرل سیکرٹری منظور کاکڑ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا.

..

ضرور پڑھیں: عمران خان کے آنسوؤں نے کئی لوگوں کو آبدیدہ کر دیا