ختم نبوت بل کے بعد آزادکشمیر میں خطبہ جمعہ کیلئے موضوعات کا تعین کر دیا گیا - Daily Qudrat
Can't connect right now! retry

ختم نبوت بل کے بعد آزادکشمیر میں خطبہ جمعہ کیلئے موضوعات کا تعین کر دیا گیا


سیکرٹریٹ امور دینیہ و محکمہ اوقاف نے اسلامی نظریاتی کونسل کے فیصلوں پر عمل درآمد کرکے باقاعدہ نوٹی فکیشن جاری کر دیا
مظفرآباد(ڈیلی قدرت )ختم نبوت بل کے بعد آزادکشمیر میں خطبہ جمعہ کیلئے موضوعات کا تعین کر دیا گیا،سیکرٹریٹ امور دینیہ و محکمہ اوقاف نے اسلامی نظریاتی کونسل کے فیصلوں پر عمل درآمد کرتے ہوئے باقاعدہ نوٹی فکیشن جاری کر دیا ، ریاست کی 61مساجد میں تین ماہ کے لیے کم از کم ہر ماہ دو جمعہ کے خطبات میں جب موضوعات کا تعین کیا گیا ہے ان میں اسلام میں امر باالمعروف و نہی عن المنکر کی اہمیت ،اسلام کا خاندانی نظام میں والدین اور اولاد کے حقوق وفرائض و وراثت کے حقوق ،اسلام میں رشوت ستانی کی ممانعت ،شادی بیاہ و نکاح کی تقریبات کے سلسلے میں اسلامی احکامات و تعلیمات اور رسومات بد کا خاتمہ ،اسلام میں بچوں کی دینی اور اخلاقی تربیت کی اہمیت ،ختم نبوت ؐ کی اہمیت ،زکواۃ کے مسائل ،معراج النبیؐ کی اہمیت اور امت مسلمہ کی راہنمائی شامل ہیں ،جن پر علماء کرام روشنی ڈالیں گے،چیف جسٹس آزادجموں وکشمیرو چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل جسٹس چوہدری محمد ابراہیم ضیاء نے چارج سنبھالتے ہی اولین اجلاس میں اسلامی فلاحی ریاست کے قیام اور فلاح و اتحاد امت کے لیے جمعہ کے خطبات میں موضوعات کی یکسانیت پر زور دیا تھا ،اس غرض کے لیے آزادجموں وکشمیر کے تمام مکاتب فکر کے علما سے گفت و شنید ،مرکزی ،ضلعی اور تحصیل سطح پر ملی رابطہ کونسل تشکیل دی گئی اور آخر کار پوری ریاست سے تقریباً 100کے قریب علماء کرام نے مظفرآباد میں اپنی ذمہ داریوں کا حلف بھی لیا ،ملی رابطہ کونسل کے اتفاق اور اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات پر آزادکشمیر میں پہلی بار باقاعدہ طور پر خطبہ جمعہ کے لیے موضوعات کا تعین کیا گیا ہے ،پوری دنیا میں عالم اسلام کو در پیش مشکل ترین چیلنجز کی اس آزمائشی گھڑی میں چیف جسٹس آزادجموں وکشمیر و چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل کا یہ ایک تاریخی کارنامہ ہے جو کہ عالم اسلام کے لیے اتحاد امت کی نوید اور قابل تقلید ہے ،عوامی،سماجی ،دینی حلقوں کی جانب سے اس اقدام کو بھرپور انداز میں سراہا جا رہا ہے .
 

. .