جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق ،سینیٹرز کو لے کر سیز فائر لائن پر پہنچ گئے - Daily Qudrat
Can't connect right now! retry

جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق ،سینیٹرز کو لے کر سیز فائر لائن پر پہنچ گئے


اگلے مورچوں پر پاک فوج کے جوانوں کی حوصلہ افزائی،شہداء کے لواحقین سے ملاقاتیں اور زخمیوں کی عیادت کی
مقبوضہ کشمیر میں آزادی کیلئے برسرپیکار کشمیری خود کو تنہا نہ سمجھیں ‘پاکستان کے 20کروڑ عوام پشت پر ہیں ،نریندر مودی کے ہاتھ مسلمانوں کے خون سے رنگین ہیں وہ مستند دہشت گرد ہے ‘کشمیریوں کی آزادی کی منزل قریب ہے ‘ متاثرین لائن آف کنٹرول کو تنہا نہیں چھوڑیں گے پوری قوم ان کے ساتھ ہے‘ امیر جماعت اسلامی پاکستان 
ہجیرہ/راولاکوٹ(آئی ا ین پی) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق ،سینیٹرز کو لے کر سیز فائر لائن پر پہنچ گئے‘ اگلے مورچوں پر پاک فوج کے جوانوں کی حوصلہ افزائی،شہداء کے لواحقین سے ملاقاتیں اور زخمیوں کی عیادت کی ،سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے اندر آزادی کے لیے برسرپیکار کشمیری خود کو تنہا نہ سمجھیں پاکستان کے 20کروڑ عوام ان کے پشت پر ہیں ،نریندر مودی کے ہاتھ مسلمانوں کے خون سے رنگین ہیں وہ مستند دہشت گرد ہے ،کشمیریوں کی آزادی کی منزل قریب ہے ،متاثرین لائن آف کنٹرول کو تنہا نہیں چھوڑیں گے پوری قوم ان کے ساتھ ہے ،سیز فائر لائن کے متاثرین کی استقامت جرات اور بہادری کو سلام کرنے آیا ہوں ،شہداء کے لواحقین کے لیے سہولیات فراہم کرنا حکومت کے لیے کوئی مسئلہ نہیں ہے ،یہاں بہنے والا خون ہمارا خون ہے یہاں کے لوگوں اور افواج پاکستان کی وجہ سے پاکستانی قوم سکون کی نیند سوتی ہے ،ملک کی نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کرنے والے پاک فوج کے جوان بلند حوصلہ ہیں ضرورت پڑنے پر پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ لڑے گی کشمیر کی آزادی ہندوستان کے نقشے کو تبدیل کر دے گی ،ہندوستان اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا پیدائشی اور بنیاد ی حق فراہم کرے ،عالمی برادری بھارتی جارحیت اور قتل عام کا نوٹس لے،نریندر مودی اسرائیل سے مل کر پاکستان کے خلاف سازشیں کررہا ہے اسرائیلی فوجی کشمیر میں لڑرہے ہیں اور بھارتی فوجی فلسطین میں مسلمانوں کا قتل عام کررہے ہیں ،ان خیالات کااظہار انہوں نے سینیٹر ز کے ہمراہ سیز فائر لائن کے دورے کے دوران تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،جماعت اسلامی راولاکوٹ کے طرف سے ان کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب سے امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر ڈاکٹر خالد محمود سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا ،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی آزادکشمیر ڈاکٹر خالد محمود نے کہاکہ جماعت اسلامی پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کی حوصلہ افزائی اور تحریک آزادی کی پشتیبانی کا حق ادا کیا ہے امیر جماعت اسلامی ہماری اور متاثرین سیز فائر لائن کی حوصلہ افزائی کے لیے تشریف لائے ہم ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں ،تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ نریندر مودی کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ وہ کشمیریوں کا قتل عام بند کر کے اپنی قیادت کے عہد کے مطابق کشمیریوں کو حق فراہم کرے ،اگر مودی سرکار نے جارحیت کی تو پاکستانی قوم اس کا بھرپور جواب دے گی اور ایسا جواب دے گی کہ مودی کو ہندوستان کا موجودہ نقشہ نہیں ملے گا ،انہوں نے کہاکہ پاکستان نے کوشش کی ہے کہ مسئلہ پرامن طور پر حل ہو لیکن ہندوستان نے ان مذاکرات کو بطور ہتھیار استعمال کر کے اپنا اصل چہرہ دنیا کو دکھا دیا ہے انہوں نے کہاکہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے کشمیری پاکستان کی سلامتی بقاء اور تقسیم برصغیر کے نامکمل ایجنڈے کی تکمیل کے لیے جدوجہد کررہے ہیں کشمیریوں کو اپنے حق کے لیے جدوجہد کرنے کا اختیار اقوام متحدہ نے دے رکھا ہے انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی مسئلہ کشمیر کو ترجیحات میں ترجیح اول سمجھتی ہے یہ نظریاتی جنگ ہے پاکستان صوبوں کا نام نہیں بلکہ نظریے کا نام ہے انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر کے عوام کے مسائل حل کرنا مرکزی حکومت کی ذمہ داری ہے جماعت اسلامی نے اپنی سطح پر مسائل حل کرنے کی کوشش کی ہے اور حکومت کو بھی اس طرف متوجہ کیا ہے سی پیک کا منصوبہ ہزارہ سے ہوتا ہوا پنجاب کی طرف جار ہا تھا میری تحریک پر آزادکشمیر کو بھی اس میں شامل کیا گیا ،انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کو ماڈل اسلامی ریاست بنایا جائے تاکہ یہاں کے عوام مستفید ہونے کے ساتھ ساتھ مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے لیے باعث رغبت ہو ،انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان کشمیریوں کو منگلا ڈیم سمیت دیگر ہائیڈرل پراجیکٹس پر خالص منافع فراہم کرے تا کہ آزاد خطہ خود کفالت کی طر ف پیش قدمی کر سکے انہوں نے کہا کہ ہندوستان سازش کے تحت پاکستان کی طرف بہنے والے دریاؤں پر ڈیمز تعمیر کر کے پانی روکنا چاہتا ہے اور پاکستان کو بنجر صحرا میں تبدیل کرنا چاہتا ہے ہندوستان کی ان چالوں کا بھی مقابلہ کرنا ہو گا ہندوستان پاکستان میں بھی دہشت گردی کروا کر یہاں عدم استحکام پیدا کررہا ہے حکومت پاکستان عالمی سطح پر آواز بلند کر کے ہندوستان کو بے نقاب کرے ،انہوں نے کہاکہ کشمیریوں نے اپنے حصے کا کام کردیا ہے اب اس تحریک کو منزل تک پہنچانے کے لیے مرکزی حکومت ٹھوس پالیسی اور جامع حکمت عملی تشکیل دے کشمیر پر ایسی پالیسی تشکیل دی جائی جو مستقل ہو حکومت جو بھی ہو وہ اسی پالیسی کو لے کر چلے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے ایک مستقل نائب وزیر خارجہ کا تقررکیا جائے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے اہم ممالک کے دارالحکومتوں کے دورے کیے جائیں پاکستانی سفارت خانوں میں کشمیر ڈیسک قائم کیا جائے انہوں نے مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کو پیغام دیا کہ وہ اس جدوجہد میں تنہا نہیں ہیں ہم خون کے آخری قطرے اور زندگی کی آخری سانس تک کشمیریوں کے شانہ بشانہ رہیں گے ،پاکستانی اور کشمیری ایک ہی مورچے میں جیئیں گے اور ایک ہی مورچے میں مریں گے .
 

. .