خیبر،باجوڑایجنسیز میں بارشیں،مختلف حادثات میں 19افراد جاں بحق - Daily Qudrat
Can't connect right now! retry

خیبر،باجوڑایجنسیز میں بارشیں،مختلف حادثات میں 19افراد جاں بحق


 

(قدرت روزنامہ)ملک کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جب کہ فاٹا کے علاقے خیبر اور باجوڑ ایجنسز میں موسلادھار بارشوں کے دوران جاں بحق افراد کی تعداد 19 تک پہنچ گئی ہے. پی ڈی ایم اے کے مطابق ژالہ باری سے کھڑی فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے.

ضرور پڑھیں: عمران خان کے آنسوؤں نے کئی لوگوں کو آبدیدہ کر دیا

 

 

 

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، بالائی پنجاب، خیبرپختونخوا اور فاٹا کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، جب کہ باجوڑ اور خیبر ایجنسیز میں موسلا دھار بارشوں کے دوران سیلابی ریلے اور دیگر حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 19 تک پہنچ گئی ہے.

 

بارشوں کے نئے سسٹم کے آغاز پر مختلف شہروں میں کہیں تیز تو کہیں ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے، جب کہ بالائی علاقوں میں ژالہ باری اور برفباری سے درجہ حرارت بھی کم ہوگیا. دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد سمیت بالائی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ 3 سے 4 روز تک جاری رہنے کا امکان ہے.اسلام آباد میں آج اب تک سب سے زیادہ بارش بوکرہ میں 12 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی.

 

پنجاب

 

پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں بھی صبح سویرے سیاہ بادل چھا گئے، جس کے بعد تیز ہوائیں چلیں اور بوندا باندی کے ساتھ ہلکی بارش ہوئی. لاہور کے علاقوں ڈیوس روڈ، مال روڈ، گڑھی شاہو، دھرم پورہ کے علاقوں میں بھی ہلکی بارش کا سلسہ جاری ہے. چکوال شہر اور گرد و نواح میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، جس سے موسم سہانا ہوگیا. جہلم، مری اور گرد و نواح میں بھی کالی گھٹائیں چھائی ہوئی ہیں اور وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ منڈی بہاءالدین سمیت پنجاب کے بالائی علاقوں میں موسم ابر آلود ہے، تاہم پنجاب کے میدانی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں.

 

باجوڑ میں مدرسے کی چھت گرنے سے چھ بچے جاں بحق،پانچ زخمی

)باجوڑایجنسی میں تیز آندھی اوربارش کے باعث مدرسے کی چھت گرنے سے چھ بچے جاں بحق اور پانچ زخمی ہو گئے. گزشتہ شام تحصیل ماموند برہ موخہ میں طوفانی بارش اور آندھی کے باعث مدرسے کی چھت پر درخت گرگیا جس سے چھت گرپڑی.واقعے میں چھ بچے جاں بحق اور پانچ زخمی ہوئے. زخمیوں میں سے ایک بچے کی حالت تشویشناک ہے جسے پشاورکے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے. تیز آندھی ،طوفان اور بارشوں سے متعدد درخت اُکھڑ گئے جبکہ سائن بورڈز اور دیواریں گرنے سے مزید تین افراد جاں بحق اور پچیس زخمی ہوگئے. جاں بحق افراد اور زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں

 

جن کا تعلق تحصیل سلارزئی کے علاقے ماندل ،ماموند ،لوئی سم اور مختلف تحصیلوں سے ہے . مجموعی طورپر نو افراد کے جاں بحق ہونے کے بعد ایجنسی بھر میں ہنگامی حالت کا اعلان کردیا گیا جبکہ پولٹیکل انتظامیہ کی جانب سے ایجنسی کے دور دراز علاقوں میں ٹیمیں اور ایمبولینس بھیج کر امدادی کارروائیاں کی جا رہی ہیں. خار اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سرجن ڈاکٹر محمد نور نے میڈیا کو بتایا کہ اسپتال میں ایمرجنسی کا نفاذکردیا گیا ہے اور تاحال پچیس زخمی لائے گئے.

خیبرپختونخوا

 

خیبرپختونخوا میں سوات، دیر، مانسہرہ، صوابی، نوشہرہ، ایبٹ آباد سمیت دیگر شہروں میں بھی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے. وادی سوات اور گردونواح میں بھی بارش اور ژالہ باری سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے جب کہ محکمہ موسمیات کے مطابق ان علاقوں میں مزید ہلکی بارش ہوسکتی ہے. گزشتہ روز ہونے والی تیز ژالہ باری سے کھڑی فصلوں کو شدید نقصان پہنچا.

 

 

 

بلوچستان

 

دوسری جانب خاران، نوشکی، چاغی، نوکنڈی، دالبندین اور قلات سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں گرد آلود ہوائیں چلیں. محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کوئٹہ، ژوب اور قلات ڈویژن میں چند مقامات پر تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے. محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں آج صبح ریکارڈ کیا گیا کم سے کم درجہ حرارت 18 ڈگری سینٹی گریڈ، قلات میں 16، خضدار میں 21، بارکھان اور پنجگور میں 23، سبی اور لسبیلہ میں 26، گوادر اور پسنی میں 27، دالبندین اور ژوب میں 22 جب کہ تربت میں 25 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا.

 

 

سندھ

دارالحکومت کراچی اور سندھ کے میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار ہے جس سے شہری پریشان ہیں. جب کہ طویل لوڈشیڈنگ بھی شہریوں کا دہرا امتحان لے رہی ہے. کراچی میں دور دور تک کسی بارش کے سسٹم اور بادلوں کے برسنے کا امکان نہیں، جب کہ آنے والے دنوں میں مزید گرمی بڑھنے کا امکان ہے. محکمہ موسمیات کے مطابق صبح کے اوقات میں شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 25.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جب کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے37 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کاامکان ہے. محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی میں موسم گرم رہنے کا امکان ہے.

 

اتوار کے روز: مالاکنڈ، ہزارہ ، راولپنڈی ڈویژن،اسلام آباد،  فاٹا، لشمیر میں کہیں کہیں جبکہ پشاور، مردان ، کوہاٹ ، سرگودھا، گوجرانوالہ ، لاہور ڈویژن  اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر  تیز ہواوٗں/ آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے. ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہیگا.

 

 

سوموار کے روز:  بالائیخیبرپختونخوا(مالاکنڈ، ہزارہ، کوہاٹ، پشاور،مردان ڈویژن)، بالائی پنجاب( راولپنڈی، سرگودھا، گوجرانوالہ، لاہور ڈویژن)،کوئٹہ ، قلات، ژوب ڈویژن، اسلام آباد ، فاٹا،  گلگت بلتستان اورکشمیر میں چند مقامات پر  تیز ہواوٗں/ آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے. ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہیگا.

 

 

..

ضرور پڑھیں: پنجاب اسمبلی کے اجلاس کا آغاز ہی شور شرابے سے ہوا ن لیگ کے اراکین نے اسمبلی اسپیکر ڈائس کا گھیراؤ کر لیا