امیتابھ بچن شوٹنگ کے دوران بیمار پڑ گئے - Daily Qudrat
Can't connect right now! retry

امیتابھ بچن شوٹنگ کے دوران بیمار پڑ گئے


(قدرت روزنامہ)ابھی تو بولی وڈ کے ورسٹائل اداکار عرفان خان کی خراب طبعیت سے متعلق حتمی تصدیق نہیں ہوئی تھی کہ بولی وڈ بگ بی کی طبیعت بگڑنے کی خبر سامنے آگئی. جی ہاں، 75 سالہ امیتابھ بچن آنے والی تاریخی فلم ’ٹھگس آف ہندوستان‘ کی شوٹنگ کے دوران بیمار پڑ گئے.

فلم کی شوٹنگ کے لیے ریاست راجستھان کے دارالحکومت جودھپور میں کئی دن سے موجود امیتابھ بچن نے اپنی صحت خراب ہونے سے متعلق اپنی بلاگ پوسٹ میں بتایا. بگ بی نے اپنے لمبے چوڑے بلاگ کے آغاز میں ہی لکھا کہ صبح کے بعد ایک نئے دن کا آغاز ہوگیا، کچھ لوگوں کو زندہ رہنے کے لیے کام اور سخت محنت کرنے کی ضرورت ہوتی ہے. انہوں نے بتایا کہ وہ ’ٹھگس آف ہندوستان‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، اور انہوں نے ٹیم کے ساتھ متعدد مقامات پر سین شوٹ کروائے. انہوں نے بلاگ پوسٹ میں جودھپور شہر کی رات میں کھینچی گئی تصاویر بھی شیئر کیں اور بتایا کہ انہیں گرمی اور قدرے بھاری کاسٹیوم پہننے سے تھکاوٹ یا جسم میں درد ہوگیا ہے، اس لیے وہ آرام کریں گے. بگ بی نے بتایا کہ ان کا معائنہ کرنے کے لیے ممبئی سے ڈاکٹروں کی ایک ٹیم آ رہی ہیں. دوسری جانب نشریاتی ادارے ’ایشین نیوز انٹرنیشنل‘ (اے این آئی) نے بتایا کہ بگ بی کے چیک اپ کے لیے ممبئی سے ڈاکٹروں کی ٹیم جودھپور پہنچ گئی. ادھر ہندوستان ٹائمز نے بتایا کہ امیتابھ بچن جس ہوٹل میں ٹھہرے ہیں، اس ہوٹل کے ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی کہ بگ بی کی طبیعت خراب ہے اور ان کے چیک اپ کے لیے ڈاکٹرز کی ٹیم پہنچ گئی. ہوٹل ذرائع کے مطابق ممکنہ طور پر امیتابھ بچن کو جودھپور کی گرمی میں بھاری بھر کم کپڑے پہننے سے جسم میں درد ہوگیا ہے، جس وجہ سے وہ شدید تھکاوٹ اور درد محسوس کر رہے ہیں

. امیتابھ بچن نے اپنی طبیعت ناساز ہونے کی اطلاع دینے سے قبل اپنے بلاگ میں جودھپور کے تاریخی قلعے ’مہران گڑھ ‘ کی تصاویر بھی شیئر کی تھیں، جہاں فلم کی شوٹنگ جاری ہے. اس قلعے سے متعلق خیال کیا جاتا ہے کہ یہ ہندوستان کا سب سے بڑا اور طویل قلعہ ہے، جو 15 ویں صدی میں راجستھان کے راجاؤں نے تعمیر کروایا تھا. واضح رہے کہ ’ٹھگس آف ہندوستان‘ میں امیتابھ بچن کے ساتھ عامر خان اور کترینہ کیف اور فاطمہ ثناء شیخ جلوہ گر ہوں گی. ’ٹھگس آف ہندوستان‘ کی کہانی 1839 میں شائع ہونے والے انگریز سفارت کار فیلپس میڈوز ٹیلر کے ناول پرمبنی ہے، جس میں اس وقت کے ’ہندوستان کے ٹھگوں‘ کی کارستانیاں بیان کی گئی ہیں. اسی ناول سے متاثر ہوکر ہدایات کار وجے کرشنا اچاریہ ’ٹھگس آف ہندوستان‘ بنا رہے ہیں، جس کی شوٹنگ جاری ہے. ایکشن اور ایڈونچر پر مبنی عامر خان کی نئی فلم کے بارے میں لوگوں کا خیال ہے کہ اس کی کہانی مقبول ہولی وڈ فلم سیریز پائریٹس آف دی کیرئیبین سے متاثر ہے، تاہم فلم کی ٹیم ایسے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہ چکی ہے کہ فلم کی کہانی ناول سے لی گئی ہے.

 
..